نشتر پارک (حافظ شہباز علی) حکومت کی جانب سے عارف حسن سے استعفیٰ طلب کئے جانے کے بعد پاکستان سپورٹس بورڈ متحرک ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ نے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کا احتساب کرنے کی حکمت عملی بنالی۔ اتھلیٹکس فیڈریشن کی مخالفت کے باوجود اتھلیٹ نجمہ پروین کو ٹوکیو بھجوانے اور ان کی کوچ شگفتہ کی تعیناتی پر بھی پی او اے حکام سے پوچھ گچھ ہوگی، اسی طرح طلحہ طالب، ماحور شہزاد اور سوئمرز کے ساتھ کوچز کی جگہ فیڈریشنز حکام کو بھجوانے اور حکومت کی اجازت کے بغیر ٹوکیو میں طلحہ طالب کیلئے فلسطینی کوچ رکھنے پر پی اواے حکام سے جواب طلبی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق مختلف سپورٹس فیڈریشنز اور ایسوسی ایشنز کے عہدوں پرموجود سرکاری افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی جبکہ مختلف فیڈریشنز اور ایسوسی ایشنز میں موجود سرکاری افسران کو کھیلوں کی تنظیموں میں عہدے چھوڑنے کی ڈیڈ لائن دی جائے گی۔
پی او اے حکام کی جانب سے میگا ایونٹ کے لیے ٹکٹوں کی خریداری پر پی ایس بی کے طریقہ کار کو تسلیم نہ کرنے اور ٹکٹوں کی خریداری میں پی ایس بی کے طریقہ کار کو نظر انداز کرنے بھی حکام سے باز پرس ہو گی۔