( ذیشان صفدر ) لاہور شہر کا ایسا دروازہ میں محرم الحرام کی مناسبت سے اہل بیت سے محبت کرنے والوں کا رجحان بڑھ جاتا ہے، یہ دروازہ کونسا ہے اور اسکی کیا اہمیت ہے؟۔
جیسے ہی ماہ محرم کا آغاز ہوتا ہے تو شہداء کربلا سے محبت و عقیدت رکھنے والے موچی دروازے کا رخ کرتے ہیں۔ موچی دروازے کا رخ کرنے کی اصل وجہ کثیر تعداد میں امام بارگاہوں کی موجودگی اور کثرت سے مجالس اعزا کا برپا ہونا ہے، جیسے ہی موچی دروازے میں داخل ہوں تو موچی دروازے کی تنگ گلیوں میں چھوٹی بڑی امام بارگاہیں اور علم عباس لہراتے دکھائی دیں گے۔
موچی دروازے کی خاص بات یہ ہے کہ یکم محرم سے 8 ربیع الاول تک شہداء کربلا کی عقیدت میں مجالس عزاء اور زیارتوں کی برآمدگی کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ اسی دروازے میں قائم قدیمی نثار حویلی سے 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس برآمد کیا جاتا ہے جوکہ اہل تشیع کے لئے خاص اہمیت رکھتا ہے۔
موچی دروازے میں مبارک حویلی، نثار حویلی، امام بارگاہ باب الحوائج، امام بارگاہ اکبر علی، حسینیہ ہال سمیت دیگر امام بارگاہیں واقع ہیں جبکہ شہداء کربلا سے عقیدت و احترام رکھنے والا محلہ شیعہ بھی اسی دروازے کی حدود میں ہےجہاں محرم اور صفر کے دونوں مہینوں میں یا حسینؓ کی صدائیں بلند رہتی ہیں۔
موچی گیٹ سے ہی 21 رمضان کو یوم علیؓ اور 28 صفر کو امام حسنؓ کی مناسبت سے حسینیہ ہال سے تابوت نکالے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ محرم الحرام شروع ہوتے ہیں اہل تشیع کا رجحان موچی دروازے کی طرف بڑھ جاتا ہے۔