ظہور الٰہی روڈ (علی اکبر) سپیکرپنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بزنس مین اکانومی چلانے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، کورونا کی وجہ سے ملکی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہے، ان حالات میں ہر پاکستانی اپنا اپنا فرض ادا کرے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے معروف بزنس مین کمیونٹی کے رکن فرحت سہگل اور رومان سہگل نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی اور کمیونٹی کو درپیش مشکلات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بزنس مین اکانومی چلانے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
سپیکرپنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ملکی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہے ان حالات میں ہر پاکستانی اپنا اپنا فرض ادا کرے، بزنس مین کمیونٹی ملک کی معیشت کو کھڑا کرنے کیلئے بہت کام کر رہی ہے لہٰذا حکومت کا بھی فرض بنتا ہے کہ کاروباری افراد کو درپیش مسائل کو فوری حل کرے تاکہ ملکی معیشت کا پہیہ چلے اور اکانومی کی صورتحال بہتر ہو۔
واضح رہے کہ لاہور میں چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 60 نئے مریض سامنے آگئے جبکہ ایک مریض دم توڑ گیا۔ شہر میں وباء کے دوران اب تک کورونا کے مجموعی طور پر 48513 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 844 اموات ہوچکی ہیں ۔ پنجاب بھر میں کورونا کے 158 نئے مریض سامنے آئے ہیں اور 2 اموات ہوئی ہیں ۔
صوبے میں اب تک کورونا کیسز کی مجموعی تعدد 95958 اور اموات 2188 ہوچکی ہیں ۔ ترجمان پرائمری ہیلتھ کے مطابق کورونا کی تشخیص کیلئے اب تک 848508 ٹیسٹ ہوچکے ہیں اور 90223 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں ۔