مال روڈ (ریحا ن گل، زاہدچودھری ) طلبہ کے انتظار کی طویل گھڑیاں ختم، پنجاب حکومت نے نویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے 45 لاکھ طلبہ کو اگلی جماعتوں میں پروموٹ کرنے کی منظوری دیدی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے کوروناکے باعث بورڈ امتحانات کو منسوخ کردیا گیا تھا۔ نویں،گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کو بغیر امتحان اگلی جماعت میں پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا لیکن طویل عرصے سے حتمی منظوری التواء کا شکار تھی۔ پنجاب حکومت نے بورڈ کے طلبہ کو اگلی جماعتوں میں پروموٹ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق نوٹیفکیشن پیر تک جاری کردیا جائے گا، جس سے لاہور سمیت پنجاب بھر کے 45 لاکھ طلبہ مستفید ہوں گے، تاہم سپیشل کیٹگری میں شامل ایک لاکھ 10 ہزار طلبہ کا تحریری امتحان لیا جائے گا۔
علاوہ ازیں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں اخلوں کیلئے رواں برس انٹری ٹیسٹ 18 اکتوبر کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کورونا کے باعث امتحانی مراکز کی تعداد دو گنا ہوگی۔ نیگیٹو مارکنگ نہیں ہوگی۔ ایف ایس سی میں 65 فیصد نمبروں کے حامل طلبا داخلے کے اہل ہوں گے۔ میرٹ مرتب کرنے میں میٹرک کے نمبروں کو دوبارہ اہمیت دیدی گئی۔
پی ایم ڈی سی سے منظوری کے بعدانٹری ٹیسٹ منعقد کرنے کافیصلہ کیا گیا۔ انٹری ٹیسٹ کا انعقاد 13 سے بڑھا کر پنجاب کے 16 شہروں میں کیا جائے گا اور امتحانی سنٹر کی تعداد بھی دوگنا کرکے 70 کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انٹری ٹیسٹ میں سوالات کی تعداد 200 ہوگی اور نیگیٹو مارکنگ نہیں ہوگی، ایف ایس سی میں 70 کی بجائے 65 فیصد نمبروں کے حامل طلبا داخلے کے اہل ہونگے۔ انٹری ٹیسٹ میں پاس ہونے کیلئے 60 کی بجائے 33 فیصد نمبر حاصل کرنا ہونگے۔
ذرائع کے مطابق انٹری ٹیسٹ کا میرٹ ترتیب دینے میں میٹرک کے نمبروں کو دوبارہ اہمیت دیدی گئی ہے۔ میرٹ بنانے میں 10 فیصد میٹرک ، 40 فیصد ایف ایس سی اور 50 فیصد انٹری ٹیسٹ کے نمبروں کو اہمیت حاصل ہوگی۔ انٹری ٹیسٹ کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا عمل ستمبر کے وسط میں شروع کیا جائے گا۔