( سعود بٹ ) مریم نواز، حمزہ شہباز اور یوسف عباس کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف بھی چودھری شوگر ملز کیس میں نیب کے ریڈار میں آگئے، نیب نے چودھری شوگر ملز کیس میں نواز شریف کیخلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف ایک بار پھر نیب کے ریڈار میں آگئے، مریم نواز، حمزہ شہباز اور یوسف عباس کے بعد نیب نے کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیر اعظم نواز شریف کیخلاف بھی چودھری شوگر ملز کیس میں تحقیقات شروع کردیں۔
ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے نوازشریف کو جیل میں سوالنامہ بھجوایا دیا، نیب لاہور کی ٹیم نے کوٹ لکھپت جیل سپرنٹنڈنٹ کو سوالنامہ وصول کروایا، سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل نے نوازشریف کو سوالنامہ دیدیا۔
بیرون ملک سے رقم اکاؤنٹ میں کیوں آئی، اتنے اثاثے کیسے بنائے سب بتانا ہوگا، ذرائع کے مطابق بیرون ممالک سے آنیوالی ٹی ٹی کی رقم نوازشریف کے اکاؤنٹ میں بھی گئی۔ نیب نے نوازشریف سے بیرون ملک سے آنیوالی ٹی ٹی سے متعلق تفصیلات اور اثاثہ جات کی تفصیلات بھی مانگ لی۔
نیب کی جانب سے بھیجے جانے والے سوال نامے کا سابق وزیراعظم نوازشریف کیا جواب دیں گے، یہ تو وقت ہی بتائے گا۔