پاکستان کے کشمیر میں بھارتی ریشہ دوانیوں کا گہرا علم رکھنے والے ریٹائرڈ ڈپلومیٹ سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نےمقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں فائرنگ کے واقعے کے متعلق شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ بظاہر دہشت گردی ہے اور یہ فالس فلیگ آپریشن ہو سکتا ہے۔ ہم نہتے افراد پر بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
جلیل عباس جیلانی نے ایک نیوز آؤٹ لیٹ کے نمائندہ کے رابطہ کرنے پر کہا، پہلگام میں سیاحوں پر فائرنگ کے واقعہ کے بعد بھارتی میڈیا کا پاکستان کےخلاف پروپیگنڈا من گھڑت اور جھوٹا ہے، جلیل عباس جیلانی نے کہا، فالس فلیگ ڈرامے رچانا بھارتی حکومت کی پرانی روایت ہے۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ جب کوئی ایسا واقعہ ہوتا ہے تو تحقیقات کرنے کی بجائے بھارت اندھا دھند پاکستان پر الزام ڈال دیتا ہے، پاکستان پر انگلیاں اٹھانے کی بجائے بھارت اس واقعے کی مکمل چھان بین کرے۔
پاکستان کے ریٹائرڈ سینئیر ڈپلومیٹ نے کہا کہ بھارتی ایجنسیاں دہشت گردی کے واقعات میں خود ملوث ہوتی ہیں، بھارت پاکستان کےعلاوہ کینیڈا اور امریکہ سمیت کئی ملکوں میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا، بھارتی جاسوس کلبھوشن کا بلوچستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف اس بات کا واضح ثبوت ہے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقہ پہلگام میں آج پراسرار مسلحافراد کی سیاحوں کے ایک بڑے گروپ پر فائرنگ سے 27 سیاح ہلاک ہوئے جس کے بعد پہلے تو بھارت کا میڈیا ان ہلاکتوں کو چھپاتا رہا، پھر اچانک پاکستان پر دہشتگردوں کی سرپرستی کرنے کا پرانا الزام دہرایا جانے لگا۔ حالانکہ کافی عرصہ سے بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی جدوجہد کرنے والی تنظیمیں تقریباً خامش ہیں۔ یہ تنظیمیں جب متحرک تھین تب بھی وہ نہتے سیاحوں کو نشانہ نہیں بناتی تھیں۔
سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ ماضی میں چھٹی سنگھ پورہ کا واقعہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے صدر کلنٹن کے دورے کے موقع پرکیا تھا۔ (آج کل بھی بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔)
جلیل عباس جیلانی نے چھٹی سنگھ پورہ کے قتل عام کو یاد کرتے ہوئے کہا، اس وقت مقبوضہ کشمیر میں 30 سے زائد سکھوں کو قتل کیا گیا تھا، اس وقت بھی بھارت نے سکھوں کے قتل کا الزام پاکستان پر لگایا تھا، بعد میں تحقیقات سے ثابت ہوا کہ چھٹی سنگھ پورہ کا واقعہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے کیا تھا۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ عالمی برادری کو باور کرانے کی ضرورت ہے کہ پاکستان پر الزام لگانا بھارت نے وطیرہ بنالیا ہے۔ میرا نہیں خیال کے عالمی برادری بھارت کی اس الزام تراشی پر یقین کرے گی۔