سٹی42: امریکہ کی ٹیرف وار کے باعث عالمی منڈیوں میں بے یقینی بڑھ گئی. سرمایہ کار محفوظ پناہ گاہ کے طور پر سونے کا رخ کرنے لگے، جس کے نتیجے میں سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
پاکستان میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر ہی سونا 17 ہزار روپے فی تولہ مہنگا ہو گیا۔ خالص 24 قیراط فی تولہ سونا 3 لاکھ 90 ہزار روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے۔دن کے اختتام پر لاہور میں سونے کی قیمت میں 12 ہزار روپے فی تولہ کے لگ بھگ اضافہ نوٹ کیا گیا۔
22قیراط سونے کی قیمت 3 لاکھ 57 ہزار 500 روپے جبکہ 21 قیراط فی تولہ سونا 3 لاکھ 41 ہزار 250 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں فی اونس سونا 3,490 ڈالر کی بلند سطح پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
ماہرین معاشیات کے مطابق چین اور امریکہ کی معاشی کشیدگی اور ممکنہ تجارتی پابندیوں کے خدشات کے باعث سرمایہ کار محفوظ اثاثے تلاش کر رہے ہیں اور اس وقت سونا سب سے محفوظ سرمایہ کاری تصور کیا جا رہا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر موجودہ عالمی صورتحال برقرار رہی تو سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے.