ویب ڈیسک: آسٹریلوی حکام نے بھارت کی 6 ریاستوں کے شہریوں پر اسٹوڈنٹ ویزا کے حوالے سے سخت پابندیاں عائد کر دیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جن ریاستوں کے شہریوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں ان میں میں پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش، راجستھان، گجرات اور جموں و کشمیر شامل ہیں۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب آسٹریلیا کو بھارت سے آنے والی درخواستوں میں جعلی اور غیر سنجیدہ ویزا درخواستوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا، حکام کے مطابق بہت سے افراد تعلیمی مقصد کے بجائے مستقل رہائش حاصل کرنے کے لیے اسٹوڈنٹ ویزا کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔
جعلی ویزا درخواستوں کے رجحان کے پیش نظر آسٹریلیا کی کئی یونیورسٹیوں نے ان 6 ریاستوں سے ویزا درخواستیں وصول کرنے پر یا تو مکمل پابندی عائد کردی ہے یا ان کے لیے اضافی جانچ پڑتال اور تصدیقی عمل متعارف کرایا ہے۔
بعض تعلیمی ادارے اب آسٹریلیا کے محکمہ داخلہ کے ساتھ مل کر ویزا درخواستوں کی سخت جانچ کر رہے ہیں تاکہ نظام کو شفاف بنایا جاسکے۔
آسٹریلوی حکام نے اس صورتحال پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر سنجیدہ درخواستیں ملک کے تعلیمی نظام کی ساکھ کو متاثر کر سکتی ہیں۔ اگرچہ تمام یونیورسٹیوں پر یہ پابندیاں یکساں طور پر لاگو نہیں کی گئیں مگر کئی ادارے اب محکمہ داخلہ کے ساتھ مل کر اپنے داخلے کے عمل کو مزید سخت بنا رہے ہیں۔