محسن نقوی اور ایرانی وزیر داخلہ کی ملاقات، تمام دہشتگردی تنظیموں پر پابندی لگانے کا فیصلہ

22 Apr, 2024 | 09:07 PM

This browser does not support the video element.

سٹی42: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر احمد وحیدی اور ایرانی وزیر قانون امین حسین رحیمی کی  سکیورٹی تعاون، انسداد دہشتگردی، اسمگلنگ، بارڈر منیجمنٹ پر اہم بات چیت ہوئی ہے۔ دونوں وزرا داخلہ نے فیصلہ کیا کہ دہشتگردی میں ملوث تمام تنظیموں پر پابندی لگائی جائے گی اور دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جائے گا۔ 

 اسلام آباد میں  وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایران کے وزیر داخلہ ڈاکٹر احمد وحیدی اور وزیر قانون امین حسین رحیمی کی ملاقات میں پاکستانی زائرین کیلئے سہولتوں اور قیدیوں کے تبادلے سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔

اس اہم  ملاقات میں دونوں ملکوں کی جانب سے دہشتگرد تنظیموں پر پابندی لگانے کا اصولی فیصلہ  کیا گیا۔دہشت گردی دونوں ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے، دونوں رہنماؤں کا دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا۔ 

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے انتہائی اہم ہے،۔  پاکستانی قوم ایرانی صدر اور انکے وفد کا پاکستان آمد پر بھرپور خیر مقدم کرتی ہے، ۔

اس سلسلے میں باہمی معاونت کو مزید بہتر بنانے اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے پر بھی گفتگو ہوئی۔  دونوں ممالک کے مابین سکیورٹی معاہدے پر بھی جلد از جلد دستخط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 

اربعین کے موقع پر پاکستانی زائرین کے لئے سہولیات

ملاقات میں اربعین کے موقع پر پاکستانی زائرین کو  ایران میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔  ایرانی وزیر داخلہ نے اس ضمن میں پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کو  کو ایران کے دورے کی دعوت  دی۔ اس موقع پر عراقی ہم منصب کو بھی مدعو کیا جائے گا ۔ ملاقات میں اس امر پر  اتفاق کیا گیا کہ مشترکہ اقدامات سے ملکر زائرین کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے  ایران کے دورے کی دعوت دینے پر  پر اپنے ہم منصب ڈاکٹر احمد وحیدی کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں وزرا داخلہ نے ایران اور پاکستان میں قید پاکستانی اور ایرانی  قیدیوں کے جرمانے معاف کر نے پربھی  اتفاق  کیا۔  وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ میرا مقصد ہے کہ ان قیدیوں کی اپنے وطن جلد از جلد واپسی ممکن ہو۔ 

بارڈر مینیجمنٹ اور سمگلنگ کا تدارک

دونوں ممالک نے بارڈر مینجمنٹ ، سمگلنگ اور منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے تعاون کو بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا۔

پاکستان اور ایران کے وزرائے داخلہ کی ملاقات میں پاکستان ایران بارڈر کے   دونوں اطراف بارڈر مارکیٹوں کے کو جلد از جلد فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

 وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سمگلنگ دونوں ممالک کیلئے معاشی  نقصان کا باعث ہے۔  سمگلنگ کی روک تھام اور بارڈر منجمنٹ سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارتی روابط کو فروغ ملے گی۔

 وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے بارڈر کی فینسنگ کے حوالے سے بہترین کام کیا ہے۔ پاکستان ایران کے مابین تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہےاور باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔

غزہ کے مظلوموں کو لئے مل کر کام کرنا ہو گا

ملاقات میں غزہ اور فلسطین کے صورتحال پر بھی بات ہوئی۔  وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے حقوق کیلئے تمام مسلم ممالک کو ملکر کام کرنا ہو گا،

وزیر داخلہ نے مسلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی تائید پر ایرانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ 

ایرانی ہم منصب ڈاکٹر احمد وحیدی اور ایرانی وزیر قانون امین حسین رحیمی نے دورہ پاکستان پر پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں