سٹی42: خیبرپختونخوا میں بدھ کے روزسے بارشوں, برفباری اور تیز ہواؤں کا ایک اور نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد قیصر خان نے بتایا ہے کہ تیز بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے کیونکہ ان بارشوں سے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی، بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ۔بارشوں اور برفباری کا سلسلہ 29اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے مشورہ دیا ہے کہ تیز ہواؤں کی صورت میں میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سایئن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسم کے حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاتی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں ۔ کسی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی کیلئے چوکس رہیں اور سڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔ لینڈ سلائیڈنگ کے لئےحساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پر مسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپریشن سنٹر فعال ہے عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔