ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم شہبازشریف اور ایران کے صدر کے درمیان اہم ملاقات

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:وزیراعظم محمد شہبازشریف اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے درمیان آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں اطراف کے وزراء اور اعلیٰ حکام موجود تھے۔

اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے دائرہ کار پر تبادلہء خیال کیا اور اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بات چیت کی۔پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات ، خاص طور پر تجارت، توانائی، روابط، ثقافت اور عوام سے عوام کے رابطوں کے شعبوں میں تعاون کو وسیع پیمانے پر بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقین نے اگلے پانچ سالوں میں دو طرفہ تجارت  کا حجم 10 ارب امریکی ڈالرز تک بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان دہشت گردی کے خطرے سمیت مشترکہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

صدر رئیسی اور وزیر اعظم نے غزہ میں اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے سات ماہ سے زائد عرصے سے طاقت کے اندھا دھند استعمال کی شدید  مذمت کرتے ہوئے  فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی کوششوں اور محاصرہ ختم کرنے پر زور دیا اور غزہ کے محصور عوام کے لئے انسانی بنیادوں پر امداد کی اپیل کا اعادہ کیا۔

دوسری جانب وزیراعظم نے کشمیری عوام اور ان کے جائز حقوق کے لیے ایران کی واضح اور اصولی حمایت پر ایرانی قیادت بالخصوص سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مؤقف کو سراہا۔