( سٹی42) سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کی خوب تیاریاں جاری ہیں جبکہ پارٹی ٹکٹس بھی جاری کر دیئے گئے ہیں جن پر گزشتہ چند روز میں احتجاج بھی سامنے آیا اسی سلسلےمیں عمران خان نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹکٹس کی تقسیم پر احتجاج کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر قائم کی جانے والی 4 رکنی مفاہمتی کمیٹی کی جانب سے بھجوائی جانے والی درخواستوں پر نظرثانی کے عمل کا آغاز کل سے کروں گا، جو 26 اپریل تک جاری رہے گا۔
واضح رہے حلقہ پی پی 158 میں مہر شرافت علی کو تحریک انصاف کا ٹکٹ ملنے پر کارکنوں کی جانب سے زمان پارک کے باہر احتجاج کیا گیا تھا، مظاہرین نے پیرا شوٹرز نامنظور کے نعرے لگاتے ہوئے عمران خان سے مہر شرافت علی سے ٹکٹ واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ مہر شرافت علی کو ٹکٹ جاری کر کے پی پی 158 کے کارکنان کے ساتھ ظلم کیا گیا اور پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکنوں کی حق تلفی کی، پی پی 158 سے مہر شرافت کسی صورت قبول نہیں، عمران خان کسی مقامی رہنما کو ٹکٹ دیں۔
جہلم میں بھی فواد چودھری کے بھائی کو ٹکٹ دیئے جانے پر سابق ایم پی اے اور دیگر پی ٹی آئی عہدیداروں نے احتجاجاً پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔سابق ایم پی اے راجہ یاور کمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے فواد چودھری سے بلیک میل ہوکر مجھے ٹکٹ نہیں دیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے فواد چودھری کے بھائی کو ٹکٹ دے کر موروثی سیاست کو پروان چڑھایا ہے۔راجہ یاور کمال کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر کیخلاف پی پی 25 سے الیکشن لڑوں گا، پی ٹی آئی کے تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں، عمران خان میرے کپتان آپ رانگ نمبر ہیں۔