(ویب ڈیسک)شہباز شریف کی نئی کابینہ کے اعلان کے بعد سیاسی حریفوں کی طرف سے اتحادی حکومت اور وزراء کے چناؤ پر تنقید کی جارہی ہے،سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری کو پیپلزپارٹی کی خاتون وزیر پر تنقید کرنا مہنگا پڑ گیا۔
فواد چودھری گزشتہ دنوں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر قطری نیوز چینل ’ الجزیرہ‘ کے ایک شو کا کلپ شیئر کیا اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کو ’لو آئی کیو ویمن‘ قرار دیا۔ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’’جب آپ کم ذہانت والی خاتون کو وزیر خارجہ مقرر کرتے ہیں اور جن کی شہرت صرف ان کے مہنگے ’برکن برانڈ‘ کے ہینڈ بیگز آئی گلاسز ہوں تو ان سے چھوٹی چھوٹی غلطیاں ہو جاتی ہیں۔‘‘
سابق وزیر اطلاعات نے ٹوئٹ میں ’امپورٹڈ حکومت نا منظور‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔ ساتھ ہی امید کا اظہار کیا کہ جلد ہی ان سے چھٹکارا بھی مل جائے گا۔
When you appoint a low IQ women whose only claim to fame is her Berkin bags and expensive eye shades such blunders ll become a norm, hope ll get rid of this lot sooner than later #ImportedGovernmentNamzanzoor pic.twitter.com/KCCkloO9kX
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 19, 2022
وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر پر ’صنفی طنز‘ کرنے پر سابق وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کو تنقید کا سامنا ہے جب کہ لوگ ان سے پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔
زیادہ تر لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ وہ تحریک انصاف کے سپورٹر اور ووٹر ہیں لیکن وہ فواد چودھری کی اس بات سے بہت ناراض اور افسردہ ہوئے ہیں کہ انہوں نے ایک ذہین خاتون کو صنفی تنقید کا نشانہ بنایا۔
متعدد پی ٹی آئی ووٹرز اور سپورٹرز نے فواد چودھری کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ان کی زبان ناقابل قبول ہے، حنا ربانی کھر پاکستان کے چند بہترین وزارئے خارجہ میں سے ایک ہیں۔