(ویب ڈیسک)سعودی عرب نے 2022 کے لیے حج کوٹہ جاری کر دیا۔ رواں سال 10 لاکھ ملکی اور غیر ملکی افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
سعودی حکومت نے 2سالہ کورونا پابندیوں کے بعد سال 2022میں عازمین حج کے کوٹے میں اضافہ کر دیا ہے۔ سعودی حکومت نے تمام مسلمان ممالک کے حج درخواستوں کا کوٹہ جا ری کیا ہے۔بنگلہ دیش کا حج کوٹہ 57 ہزار 585، نائجیریا کا 43 ہزار 8، افغانستان کا 13ہزار 582 اور ترکی کا 37ہزار 770ہے۔ برطانیہ 12 ہزار 348، امریکہ 9 ہزار 504 اور فرانس کو 9 ہزار 268 افراد کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔سعودی عرب ہر ملک کو مسلمانوں کی آبادی کی بنیاد پر حج کوٹہ مختص کرتا ہے۔
پاکستان کو 2019میں ایک لاکھ 79 ہزار کا کوٹہ مختص کیا گیا تھا۔ پھر حج کمیٹی آف پاکستان اس کوٹہ کو مختلف صوبوں میں تقسیم کرتی ہے اور اس کوٹہ کا کچھ حصہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے لیے بھی محفوظ رکھتی ہے۔ سعودی حکومت کے قوانین کے مطابق اس سال 65 سال سے زائد عمر کے افراد حج ادا نہیں کر سکیں گے۔
علاوہ ازیں پاکستانی وزارت مذہبی امور نے حج 2022 کی تیاریوں پر کام تیز کر دیا۔ وزارت مذہبی امور آئندہ چند روز میں حج درخواستیں طلب کرنے کی تیاریاں مکمل کر لیں گی،آئندہ چند روز میں ملک کے نامزد بینکوں کی مخصوص شاخوں کے ذریعے حج درخواستیں وصول ہونا شروع ہو جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور حج اخراجات، عمر کی حد، ویکسین و دیگر شرائط و ضوابط کا اعلان حج پالیسی 2022 کے ذریعے کیا جائے گا۔ انفرادی اور گروپوں کی صورت میں جمع شدہ درخواستوں کی کامیابی کا فیصلہ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔