(شاہین عتیق ) گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر عائشہ سے بدسلوکی کا کیس، ڈپٹی پراسیکیوٹر نے دو الگ الگ چالان اعتراضات دور کرکے سماعت کے لیے بھجوا دیئے۔
ڈپٹی پراسیکیوٹر عباس قریشی نے مینار پاکستان کے گریٹر اقبال پار ک میں ٹک ٹاکر عائشہ پر حملہ کرنے کے دو الگ الگ چالان اعتراضات دور کرکے سماعت کے لیے بھجوا دیئے،دونوں چالان ایک ایک ہزار صفحات پر مشتمل ہیں، عائشہ ٹک ٹاکر پر حملہ کرنے کے ایک چالان میں چار سو افراد جبکہ دوسرے چالان میں ریمبو سمیت سترہ ملزمان نامزد ہیں ۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 14 اگست کو صوبائی دارالحکومت لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں 400منچلوں نے ٹک ٹاکر خاتون سے بدتمیزی کی، کپڑے پھاڑ ڈالے اور اسے ہوا میں اچھالتے رہے،جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
اس ہنگامہ آرائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی پولیس حرکت میں آئی اور 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، مقدمے میں سرعام خاتون کو برہنہ کرنے اور ہنگامہ آرائی کی دفعات شامل کی گئی تھیں ۔ واقعے کی تحقیقات کے دوران ریمبو اور عائشہ سے متعلق کئی حیران کن انکشافات ہوئے۔