(مانیٹرنگ ڈیسک) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی کابینہ کے تین نئے وزراء سے ان کے عہدے کا حلف لے لیا۔
ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 3 نئے وفاقی وزراء جاوید لطیف، سالک چوہدری اور آغا حسن بلوچ سے اُن کے عہدے کا حلف لے لیا، تقریب حلف برداری میں وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔
جن وفاقی وزراء نے عہدوں کا حلف لیا ان میں مسلم لیگ، ق لیگ اور بی این پی مینگل کے اراکین قومی اسمبلی شامل ہیں، اس کے علاوہ صدر مملکت نے بی این پی کے محمد ہاشم نوتیزئی سے بھی وزیر مملکت کے عہدے کا حلف لیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے ارکان سے خرابی صحت کی بنا پر حلف نہیں لیا تھا اور ان کی جگہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے نو منتخب وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے اراکین سے حلف لیا تھا، وفاقی کابینہ میں 30 وزرا ، 4 وزرائے مملکت اور3 مشیر شامل تھے۔