افغانستان بم دھماکوں سے گونج اُٹھا، 16 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

22 Apr, 2022 | 10:07 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان ایک بار پھر  بم دھماکوں سے گونج اُٹھا، افسوسناک واقعے میں  16افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق افغانستان کے تین شہروں کابل، مزار شریف اور قندوز  میں بم دھماکے ہوئے ہیں ، ایک بم دھماکہ مزارشریف کی مسجد میں ہوا جس میں 12 افراد جاں بحق اور 58 زخمی ہوئے جبکہ دوسرا قندوز  میں ہوا جس میں  4 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوئے۔

تیسرا دھماکا افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہوا،  دھماکے میں 2 بچے زخمی ہوئے،  مزار شریف دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی ہے۔

افغان محکمہ صحت کے حکام کے مطابق بیشتر زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے اور اموات کی تعداد میں اضافےکا امکان ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے مزارشریف کی مسجد میں دھماکےکی مذمت اور  قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہےکہ پاکستان ہمیشہ سے ہمسایہ ملک افغانستان میں امن کا خواہاں رہا ہے۔

واضح رہےکہ طالبان نے گذشتہ سال اگست میں اقتدارپرقابض ہونے کے بعد سے مشرقی صوبہ ننگرہار میں داعش کے مشتبہ ٹھکانوں کے خلاف متعدد چھاپامار کارروائیاں کی ہیں۔

طالبان حکام کا اصرار ہے کہ انھوں نے داعش کو شکست دے دی ہے لیکن تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ جنگجو گروپ افغانستان کے امن وسلامتی کے لیے بدستورایک اہم چیلنج ہے۔

مزیدخبریں