قذافی بٹ:سیشن کورٹ میں پیشی سےقبل پی ٹی آئی کےسینئر رہنما جہانگیرترین کا گھر پر ایک مرتبہ پھر پاور شو، پی ٹی آئی رہنما نے اسلام آباد کی جانب سے رابطہ کرنے پر حامی اراکین کو اعتماد میں لیا۔
تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ میں پیشی سےقبل پی ٹی آئی کےسینئر رہنما جہانگیرترین کےگھر انکے حامی اراکین کا اکٹھ ہوا جہاں پر جہانگیرترین نےحامی اراکین کو اسلام آباد کی طرف سے رابطہ کرنے کے حوالے سے اعتماد میں لیا گیا ۔ وزیراعظم سے متوقع ملاقات کے پیش نظر ایجنڈا طے کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ حامی اراکین نے جہانگیر ترین پراعتماد کا اظہار کرتےہوئےانہیں اپنے تعاون کا ہرممکن یقین دلایا۔
جہانگیر ترین کے گھر پر صوبائی وز یر نعمان لنگڑیال، اجمل چیمہ، رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض،اسحاق خاکوانی،خرم لغاری،زوار وڑائچ،نذیربلوچ،رفاقت گیلانی، خواجہ شیراز موجود تھے۔
سیشن کورٹ لاہور میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ میرے گھر ایک افطاری تھی جس میں دوستوں نے شرکت کی، اسلام آباد سے بھی کچھ دوستوں نے رابطہ کیا۔توقع ہے کہ ہمارے گروپ کی عمران خان سے ملاقات ہو جائے گی، ہم کسی کمیٹی سے نہیں ملیں گے، ہمارا گروپ صرف عمران خان سے ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں بھی میرے کاروبار کی چھان بین کی گئی، میرا اس معاملے میں کوئی قصور نہیں ہے، یہ کیس ایف آئی کا ہے ہی نہیں، کیس میں کوئی مدعی نہیں ہے، کسی شیئر ہولڈر نے اعتراض نہیں کیا۔