پلاٹوں کے ڈویلپمنٹ چارجز کی وصولی کی تاریخ میں توسیع

22 Apr, 2020 | 05:08 PM

در نایاب: کرونا وائرس پھیلاو اور لاک ڈاون کی صورتحال کے پیش نظرایل ڈی اے سٹی، پلاٹوں کے ڈویلپمنٹ چارجز کی وصولی کی تاریخ میں15مئی تک مزید توسیع کر دی گئی.
وزیراعلی پنجاب اور لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر کرونا وائرس اور لاک ڈاون سے پیدا شدہ صورتحال میں شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے ایل ڈی اے سٹی کے پلاٹوں کے ڈویلپمنٹ چارجز کی پہلی قسط کی وصولی کی تاریخ میں15مئی تک مزید توسیع کر دی گئی ہے ۔ پلاٹ مالکان اب 15 مئی تک ترقیاتی واجبات کی پہلی قسط کسی جرمانے کے بغیر جمع کروا سکیں گے۔

اس سے قبل ڈویلپمنٹ چارجز کی پہلی قسط سات اپریل تک جمع کروانے کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی جس میں توسیع کر کے 30 اپریل کر دی گئی تھی ۔وائس چیئر مین ایس ایم عمران اور ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ کی باہمی مشاورت کے بعد توسیع کا فیصلہ کیاگیا۔

وائس چیئر مین ایل ڈی اے ایس ایم عمران کا کہنا ہے پوری دنیا میں کرونا کے پیش نظر حالات سنگین ہو چکے ہیں۔ ایل ڈی اے سٹی کے مقامی اور اوور سیز پلاٹ ہولڈرز کو اقساط جمع کرانے میں مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث ڈیڈ لائن میں توسیع ناگزیر ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اربن پلاننگ رانا ٹکا خان نے اس سلسلے میں نو ٹیفیکیشن جار ی کر دیاہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 9749 ہوگئی۔ کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 4328 ، سندھ میں 3053 ، خیبر پختونخواہ میں 1345، اسلام آباد میں 194، بلوچستان میں 495 ، گلگت بلتستان میں 283 اور آزاد کشمیر میں تعداد 91ہوگئی۔

کمانڈ سینٹر کے مطابق کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 209 ہوگئی۔ کے پی کے میں سب سے زیادہ 80، سندھ میں 66 پنجاب میں 51 گلگت بلتستان میں 3 اور بلوچستان میں 6 مریض جان بحق ہوئے ۔وفاقی دارالحکومت میں اموات کی تعداد 6 ہے۔

مزیدخبریں