(عثمان علیم)احساس کفالت سنٹرز پر بزرگ شہریوں کے مسائل میں کمی نہ آسکی، فنگر پرنٹس کی تصدیق نہ ہونے پر شہریوں کی انتظامیہ پر تنقید، نادرا دفاتر بھی بند جائیں تو کہاں جائیں شہریوں کی
جانب سے دہائیاں دیں گئیں۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں بنائے گئے 31 احساس کفالت سنٹرز پر بزرگ شہریوں کے فنگر پرنٹس کی تصدیق کا مسئلہ تاحال نہ ہو سکا ، کفالت سنٹرز پر صبح سے باری کا انتظار کرتے بزرگ شہری باری پر فنگر پرنٹس کی تصدیق نہ ہونے پر مایوس لوٹنے پر مجبور ہوگئے،بزرگ شہریوں کا کہنا ہے کہ فنگر پرنٹس کی تصدیق نہ ہونے پر کہا جاتا ہے کہ نادرا دفاتر جائیں مگر دفاتر بند ہیں ، بارہا چکر لگانے پر بھی رقم نہیں مل سکی۔
انتظامیہ تاحال شہر کے تمام سنٹرز پر فنگر پرنٹس کا مسئلہ حل کرنے میں ناکام ہے ، جس سے بزرگ شہریوں کے لیے رقم کی وصولی بڑا مسئلہ ہے جس کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔بزرگ شہریوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ہر سنٹر پر ایک نادرا وین کی سہولت دی جائے تاکہ فوری تصدیق کروا کر رقم حاصل ہو سکے۔
واضح رہے کہ گلاب دیوی سمیت دیگر احساس کفالت سنٹرز کا رخ کرنیوالی بزرگ خواتین و مرد گھنٹوں لائنوں میں لگنے کے بعد فنگر پرنٹس کی تصدیق نہ ہونے پر خوار ہوتے رہے۔بزرگ خواتین کا کہنا ہے کہ صبح آٹھ بجے کے لائن میں لگے باری آنے پر فنگر پرنٹس کی تصدیق نہیں ہوئی اور نادرا دفتر جانے کو کہ دیاگیا ہے جو کہ بند ہیں۔
بزرگ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ ہر سنٹر پر بزرگ شہریوں کے فنگر پرنٹس کی تصدیق کیلئے نادرا وینز کھڑی کی جائیں تاکہ مستحق بزرگ شہری ذلت و خواری سے بچ سکیں۔ڈپٹی کمشنر دانش افضال کا کہنا تھاکہ گزشتہ 10روز میں کفالت سنٹرز پر اب تک 93 ہزار 411 افراد میں ایک ارب 13 کروڑ 91 لاکھ 53 ہزار کی رقم تقسیم کی گئی۔