رمضان المبارک ، دفتری اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری

22 Apr, 2020 | 04:41 PM

Sughra Afzal

(قیصر کھوکھر) حکومت پنجاب نے رمضان المبارک کیلئے سرکاری دفاتر کے اوقات کار کا نوٹیفکیشن جار ی کردیا، سول سیکرٹریٹ میں سوموار سے جمعرات تک صبح 10 سے 4 بجے تک دفتر کھلیں گے۔

حکومت پنجاب کے ویلفیئر ونگ نے رمضان المبارک  کیلئے  دفتری اوقات کار کا نوٹیفکیشن جار ی کیا، پنجاب حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق   جمعتہ المبارک کو 10 سے دوپہر ایک بجے تک دفتر کھلے رہیں گے، رمضان میں6 دن کام والے دفاتر سوموار سے جمعرات تک 11 سے 3 بجے تک کھلیں گے، 6 دن کام والے دفاتر  ہفتے کے روز 10 سے 3 بجے تک کھلیں گے۔

مزید برآں حکومت نے عید سے قبل محدود اوقات کار کیلئے مارکیٹیں کھولنے کے لئے  مشروط اجازت پر غور شروع کردیا، صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال تاجروں اور سٹیک ہولڈرز سے حتمی مذاکرات کریں گے۔

 ذرائع کے مطابق عید کی تیاریوں کیلئے مرحلہ وار اجازت دی جاسکتی ہے، عید کی تیاریوں کے حوالے سے گھریلو سطح پر عید کے سامان کی تیاری کی اجازت دی جائے گی، پہلے مرحلے میں چوڑیاں ، مہندی، اور بچوں کے گارمنٹس بنانے والی گھریلو صنعتوں کو اجازت دی جاسکتی ہے۔

دوسری جانب و زیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  نے کابینہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس آج طلب کرلیا، اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی جائےگی، لاک ڈاؤن پرعملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا، کابینہ کمیٹی رمضان میں لاک ڈاؤن سے متعلق سفارشات بھی مرتب کرے گی.

واضح رہےکہ   دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس نےپنجاب میں پنجے گاڑ لیے، لاہور میں کورونا کے 658 کنفرم مریض ہیں جبکہ پنجاب میں کورونا کے مجموعی مریض 4328 تک پہنچ گئے، صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی 51 اموات ہوچکی ہیں، جبکہ 724 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

مزیدخبریں