ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ذخیرہ اندوزی پر مال ضبط، 3 سال قید، آرڈیننس آگیا

ذخیرہ اندوزی پر مال ضبط، 3 سال قید، آرڈیننس آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (ریحان گل) کورونا وائرس کی آڑ میں ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف پنجاب حکومت کا اہم اقدام، پنجاب انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈیننس 2020ء جاری کردیا گیا، ذخیرہ اندوزی کرنے والے کو 3 سال سزا ہو گی۔

محکمہ قانون و پارلیمانی امور کی جانب سے ذخیرہ اندوزی آرڈیننس کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جس کے مطابق ذخیرہ اندوزی کرنے والے کو تین سال کی سزا ہو گی، ڈپٹی کمشنرز کو ذخیرہ اندوزی پر کارروائی کا اختیار ہو گا، چھاپے کے دوران قبضے میں لیا گیا مال سرکار کی ملکیت تصور ہو گا،متعلقہ افسر سامان کی نیلامی کرکے رقم سرکاری خزانے میں جمع کروائے گا۔ذخیرہ اندوز کے بارے میں اطلاع دینے والے کو انعام دیا جائے گا، نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم کا دس فیصد بھی اطلاع کنندہ کو دیا جائے گا۔

  فردوس عاشق اعوان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور ذخیرہ اندوزی کی نشان دہی کریں اور ضبط شدہ سامان کا 10 فیصد بطور انعام پائیں، ذخیرہ اندوزوں کی تاک میں رہیں، انعام پائیں اور غریبوں کی دعائیں لیں۔

فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آرڈیننس عوام کو مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی سے بچانے کے وزیراعظم کے عزم کا واضح اظہار ہے،عوام کی مشکلات سے فائدہ اٹھانے والے کسی  رعایت کے مستحق نہیں، ایسے عناصر کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

واضح رہے کہ چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہی ہے، اب تک  اس مہلک وائرس سے  207  افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ مزید 536 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 9666  تک پہنچ گئی۔

یادرہے کہ 24 مارچ سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لاک ڈاؤن نافذ ہے ، لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 30 واں روز ہے، تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز، سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer