جوہر ٹاون (زین مدنی) معروف اداکار نعمان اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان میں جب بھی کوئی مشکل وقت آیا لوگوں نے بڑھ چڑھ کر امدادی کاموں میں حصہ لیا اور کورونا کی وبا میں بھی یہی جذبہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
ایک انٹرویو میں نعمان اعجاز نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا پر بڑا مشکل وقت ہے اور طاقت ممالک کی معیشتوں کی بنیادیں ہل کر رہ گئی ہیں ایسے میں پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کے عوام کا جذبہ قابل قدر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب بھی کوئی مشکل وقت آیا مخیر حضرات نے مستحق لوگوں کی مدد کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور کورونا کی وبا میں بھی یہی جذبہ دیکھنے کو مل رہا ہے، انہوں نے اپیل کی کہ رمضان المبارک میں بھی نادار اور مستحق خاندانوں کی اسی طرح مدد کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کورونا وائرس کی وبا کے معاملے پر غیر سنجیدگی نہ دکھائیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں کیونکہ اس وائرس سے بچاﺅ کا یہی واحد طریقہ ہے۔
اس سے قبل نعمان اعجاز نے گلزار کی نظم کے ساتھ خوبصورت پیغام دیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ مذہب، رنگ، نسل ،ذات پات سے بالاتر ہوکر دوسروں کی مدد کریں کیونکہ سب سے بڑا مذہب ہی انسانیت ہے۔
نعمان اعجاز نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے گلزار صاحب کی خوبصورت نظم کے ساتھ ہی دنیا کی موجودہ صورتحال پر کچھ اچھی باتیں بھی بولیں۔ نعمان اعجاز نے اپنی ویڈیو کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ میں اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے مجھے ایک اور دن دیکھنا نصیب کیا۔
نعمان اعجاز نے یہ نظم پڑھنے کے بعد کہا کہ گلزار صاحب کی یہ نظم اتنی خوبصورت ہے کہ سب کچھ کہہ دیتی ہے، نعمان اعجاز نے کہا کہ انسانیت بہت بڑی چیز ہے سب سے بڑا مذہب ہی انسانیت ہے۔