خواتین کے حقوق اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا اجراء

22 Apr, 2019 | 11:48 PM

Arslan Sheikh

( سعود بٹ ) سرکاری سطح پر شہری و دیہی خواتین کے حقوق سمیت دیگر معلومات کی فراہمی کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال، محکمہ بہبود خواتین کے زیراہتمام ڈیجیٹل میگزین کا اجراء کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی ہوٹل میں وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب ڈیجیٹل میگزین کی لانچنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں مختلف کالجز کی پرنسپلز، این جی اوز کی نمائندہ اور ایم پی ایز شریک تھیں۔ ڈیجیٹل میگزین کا افتتاح صوبائی وزیر بہبود خواتین آشفہ ریاض فتیانہ نے کیا۔

سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ ارم بخاری کا کہنا تھا کہ خواتین کیلئے یہ محکمہ 2012 میں شروع کیا گیا جس کو 7 سال ہوگئے مگر اکثر خواتین کو اس کی آگاہی نہیں۔ پنجاب بھر کے گھر گھر میں ڈیجیٹل موبائل فون موجود ہیں۔ ڈیجیٹل میگزین کے ذریعے خواتین کو ان کے حقوق سے آگاہی ملے گی۔ خواتین کو نوکری، چھوٹے کاروبار سمیت مختلف سہولیات کی معلومات حاصل ہوسکیں گی۔

صوبائی وزیر آشفہ ریاض فتیانہ کا کہنا تھا کہ یہ ایک آواز ہے جوخواتین کیلئے پہلی مرتبہ کسی نے اٹھائی ہے۔ آج کل زیادہ تر لوگ سوشل میڈیا کا استعمال کررہے ہیں۔

منتظمین کا کہنا تھا کہ محکمہ بہبود خواتین نے شہری خواتین کیلئے کافی کام کیا، اس کے بعد اب دیہی خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

مزیدخبریں