(زین مدنی ) اداکارہ و گلوکارہ میشا شفیع کے گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسگی کے الزامات پر سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ شوبز سے تعلق رکھنے والے فنکار بھی اپنے ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔جنسی ہراسانی کے الزامات پر کچھ اداکار میشا شفیع کو درست قرار دے رہے ہیں جبکہ کچھ لوگ علی ظفر کے ساتھ کھڑے نظر آرہے ہیں۔
نامور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے میشا شفیع یا علی ظفر کا نام لیے بغیر سوشل میڈیا پر جنسی ہراسگی جیسے سنجیدہ معاملے پر تبصرے کرنے والے لوگوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بیمار ذہنیت والے اس معاملے پر تبصرہ کر رہے ہیں جس سے ظاہر ہے کہ مسئلہ دراصل ان کے دماغوں میں ہے۔ اگر ہم اس معاملے کو تبصرے کر کے کمزور کرتے رہیں گے تو یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔
دوسری جانب ۔گلوکارعلی ظفر کی والدہ ڈاکٹر کنول نے گلوکارہ اور ماڈل میشا شفیع کی جانب سے اپنے بیٹے علی ظفر پر جنسی ہراسگی کے الزام کے حوالے سے کہا ہے کہ اب قانونی طریقے سے بات ہوگی،میڈیا پر آکر بات نہیں کرنا چاہتی ہوں۔
ڈاکٹر کنول کاکہنا تھا کہ میرے نزدیک مرد اور عورت دونوں محترم ہیں۔ عورت کی طرح مرد کی بھی عزت ہوتی ہے، اس کی بھی فیملی ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ دوروزقبل اداکارہ و گلوکارہ میشا شفیع نے اپنی ایک ٹوئٹ میں الزام عائد کیا تھا کہ علی ظفر نے انہیں کئی بار جنسی ہراساں کیا، اگر ان کے ساتھ اس طرح کے واقعات ہوسکتے ہیں تو انڈسٹری میں آنے والی کسی بھی نوجوان لڑکی کو اس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔