ویب ڈیسک : وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا لاہور جلسہ، اسلام آباد کی طرح فلاپ ہوگیا ہے۔
پی ٹی آئی کے جلسے کے اختتام کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ لاہور کی تمام سڑکیں کھلی رہیں اور کسی بھی مقام پر کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی گئی تھی جس کے باوجود پی ٹی آئی چند افراد ہی اکٹھے کر سکی، عوام نے پی ٹی آئی کی سیاست اور جلسے کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے اور وہ اپنے دعوؤں میں ناکام رہے ہیں، یہ لوگ بڑی بڑی باتیں کرتے رہے، مگر عوام کو جمع کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئے، آج کا جلسہ ان کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما علی امین دوسری بار جلسہ ناکام کرنے کے ذمہ دار ہیں اور انہیں مریم نواز کے ساتھ اپنا موازنہ نہیں کرنا چاہیے، ان کی جلسی، سیاست، اور گورننس سب فیل ہو چکی ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کی عدلیہ اور دیگر اداروں کے خلاف محاذ آرائی کی بھی مذمت کی اور کہا کہ عوام نے ان کی انتشار پسند سیاست کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔