سٹی42: پی ٹی آئی کا لاہور کے نواحی علاقہ کاہنہ میں جلسہ ختم ہونے کے وقت تک پی ٹی آئی کے بہت سے صف اول کے رہنما جلسہ گاہ تک ہی نہیں پہنچے۔ جو لیڈر جلسہ میں پہنچے تھے ان میں چئیرمین بیرسٹر گوہر اور فیصل جاوید شامل تھے، جب پولیس نے جلسہ کا وقت ختم ہونے پر سٹیج خالی کروایا تو بیرسٹر گوہر اور فیصل جاوید دونوں خاموشی سے سٹیج سے نیچے اتر کر اپنی گاڑیوں کی طرف چلے گئے۔
اس دوران ہی پولیس نے سٹیج اور پنڈال کو بجلی فراہم کرنے والے جنریٹر بند کر دیئے۔ فیصل جاوید کا میڈیا کے نمائندوں سے سامنا ہوا تتو میڈیا کے نمائندوں نے ان سے جلسہ میں عوام کی بہت تھوڑی تعداد اور بہت سے لیڈروں کے شرکت نہ کرنے کے متعلق سوالات پوچھے تاہم فیصل جاوید یہ کہتے ہوئے وہاں سے چلے گئے کہ آج لواہور کے جلسہ کے متعلق کوئی بات نہیں کروں گا۔
اس سے قبل پی ٹی آئی جلسے کے ڈی جے نے ساؤنڈسسٹم بند کر دیا تھا ۔ جس کے بعد پولیس نے جلسہ گاہ میں موجود کارکنوں کو واپس جانے کے لئے کہنا شروع کر دیا اور لوگ جلسہ گاہ سے باہر جانے لگے۔ اس دوران معمولی بھگدڑ بھی دیکھنے میں آئی تاہم مجموعی طور پر پولیس اور جلسہ کے شرکا مکمل پر امن رہے۔
آج شام چھ بجے تک پی ٹی آئی کے بہت سے اہم رہنما ا سٹیج تو دور جلسہ گاہ ہی نہ پہنچ سکے ،اسد قیصر ، عمر ایوب اور علی امین گنڈا پور تاحال راستے میں ہیں، بتایا جا رہا ہے کہ شیرافضل مروت کو کورونا ہے جس کی وجہ سے وہ لاہور روانہ ہی نہیں ہو سکے اور عمر ایوب کی طبیعت خراب ہوگئی۔
گزشتہ روز لاہور کی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 43 شرائط کی بنیاد پر شام 3 سے 6 بجے تک جلسے کی اجازت دی تھی ۔