پی ٹی آئی کا جلسہ؛ لیڈر شپ کو سٹیج سے اتار دیا گیا، ، قانونی کارروائی کا آغاز

21 Sep, 2024 | 06:24 PM

سٹی42:  لاہور کے نواحی علاقہ کاہنہ میں رنگ روڈ کے قریب پی ٹی آئی کے جلسہ کے لئے بنائی گئی جلسہ گاہ میں اس وقت چند ہزار لوگ موجود ہیں اور جلسہ کے لئے انتظامیہ کے ساتھ پی ٹی آئی کا طے کردہ وقت ختم ہو گیا ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق پولیس نے جلسہ بند کروا دیا ہے، اسٹیج پر موجود رہنماؤں کو سٹیج سے اتار دیا گیا ہے،  پی ٹی آئی کے چئیرمین گوہر خان اور فیصل جاوید ستیج سے نیچے اتر کر چلے گئے ہیں جبکہ لائٹیں بند کر دی گئی ہیں۔ 

چھ بجے جلسہ کیلئے طے شدہ وقت ختم ہونے کے بعد  انتظامیہ اور پولیس کے ذرائع مقرر وقت ختم ہونے کے بعد جلسہ جاری رکھنے کی کوشش کی صورت میں قانونی کارروائی کئے جانے کا عندیہ دے رہے تھے  اور قانونی کاروائی کرنے کے لئے پولیس کی تیاری کے آثار بھی دکھائی دے رہے ہیں۔  تازہ اطلاعات کے مطابق پولیس کے سینئیر حکام نے جلسہ کے منتظمین کو جلسہ فوراً ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ 

جلسے کا وقت ختم ہونے پر پولیس کے حکم پر  ڈی جے نے ساؤنڈ سسٹم بند کر دیا اور لائٹس بھی بند ہوگئیں جس کے بعد جلسہ گاہ میں اندھیرا چھا گیا۔

پولیس نے مائیک اورلائٹس بندکرائیں۔  پولیس اہلکاروں نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے اسٹیج خالی کروا کر کنٹرول سنبھال لیا  جبکہ بیرسٹرگوہراسٹیج سے اترگئے۔

لائٹس بند ہونے پر شرکا  میں بھگدڑ کے آثار دکھائی دیئے تاہم بیشتر شرکا جلسہ گاہ سے باہر جانے لگے۔  دوسری جانب پی ٹی آئی جلسہ انتظامیہ کے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات بھی جاری ہیں۔

جلسہ کے لئے افرادی قوت لانے کے لئے منتظمین خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کا انتظار کرتے رہے لیکن وہ اپنے قافلے ساتھ اب بھی لاہور سے بہت دور موٹر وے پر کہیں محوِ سفر ہیں۔ جلسہ کا وقت ختم ہوتے ہی جلسہ گاہ کے اطراف پولیس کی بھاری نفری واٹر کینن اور ایمبولینس گاڑیوں کے ساتھ پہنچ گئی ہے۔ 

عرفان ملک نے رپورٹ کیا کہ 
تحریک انصاف اور ضلعی انتظامیہ کے مابین طے شدہ جلسے کا وقت ختم ہونے کے بعد  پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے جلسہ  جاری رکھے جانے پر قانونی کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے جلسہ کے منتظمین نے ضلعی انتظامیہ سے 6بجے جلسے ختم کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔  جلسہ گاہ کو 6بجے کے بعد قانون کے مطابق خالی کروایا جائے گا۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے وقت کی پابندی کروانے  کیلئے جلسہ منتظمین سے رابطہ کر لیا ہے۔ 

بسام سلطان کی رپورٹ کے مطابق 
لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ  طے شدہ وقت ختم ہونے کے بعد بھی جاری ہے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو 43 شرائط پر مشتمل این او سی دیا گیا تھا۔

ضلعی انتظامیہ کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے میں دیئے گئے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر پولیس کاروائی کرنے کی مجاز ہو گی۔ ضلعی انتظامیہ کے پاس صرف ایس او پیز کا تعین کرنے اور این او سی دینے کا اختیار ہے۔

 ضلعی انتظامیہ ذرائع کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی اور اس پر کاروائی پولیس انتظامیہ کی جانب سے کی جائے گی۔۔

مزیدخبریں