پی ٹی آئی کے جلسہ میں رونق بڑھنے لگی

21 Sep, 2024 | 05:27 PM

سٹی42: لاہور کے نواحی علاقہ کاہنہ میں رنگ روڈ کی قریب پی ٹی آئی کے جلسہ میں رونق بتدریج بڑھنے لگی ہے۔

  شام ساڑھے چار بجے تک لوگوں کی جلسہ گاہ میں آمد کی رفتار بہت سست تھی، سہ پہر تین بجے سے  زیادہ تر بیرون  شہروں سے آنے والے چھوٹے چھوٹے قافلے جلسہ گاہ میں پہنچ رہے تھے، اس دوران لاہور شہر میں زندگی معمول کے مطابق چلتی رہی۔ شام ساڑھے چار بجے البتہ بیرونی شہروں سے آنے والے  کارکنوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ شروع ہو گیا۔

اس دوران لاہور شہر سے بھی پی ٹی آئی کے کارکن اور حامی کاہنی جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ اب تک جلسہ کا آغاز ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے۔

پی ٹی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ منتظمین کو خیبر پختونخواہ سے آنے والے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور ان کے ساتھ آنے والے قافلہ کا انتظار ہے، ان کے پہنچنے کے بعد جلسہ کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔ 

کاہنہ رنگ روڈ جلسہ گاہ سے عثمان خادم، کی رپورٹ

پاکستان تحریک انصاف کے آج کاہنہ میں ہونے والے جلسے میں کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، میدان سج چکا ہے۔ جلسے کا پنڈال کارکنان سے بھر گیا، رنگ روڈ کے اوپر بھی کارکنان موجود ہیں ، تاہم مزید قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ 

دوسری جانب پولیس کی بھاری نفری بھی رنگ روڈ پر موجود ہے ۔ جلسہ گاہ کی جانب آنے والے راستے کھلے ہیں۔ 

بابو صابو  انٹرچینج سے ابوبکر کی رپورٹ

لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں کارکنوں کی آمد جاری ہے، پی ٹی آئی کارکنان کے رش کے باعث بابو صابو ٹول پلازہ بند کر دیا گیا۔ 

شاہدرہ چوک سے جانب لاہور داخل ہونے والی ٹریفک مکمل طور پربند کردی گئی ہے، اس کے علاوہ شاہدرہ ،امامیہ کالونی اورپرانا راوی پل ٹریفک کے لئے مکمل بند ہے۔ 

مزیدخبریں