اویس کیانی: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بل گیٹس سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں پولیو کے خاتمے، صنفی مساوات، غذائیت اور مالیاتی شمولیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نگران وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس سال ملک کے ہر علاقے میں پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنا ممکن ہے۔ انہوں نے کہا، نگراں حکومت اور نیشنل پولیو ٹاسک فورس ملک بھر میں بچوں کو پولیو ویکسین، معمول کے حفاظتی ٹیکوں اور دیگر ضروری صحت کی خدمات تک پہنچانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔
بل گیٹس نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، انہوں نے بتایا کہ انہیں افغانستان کے ساتھ سرحد پار منتقلی کو روکنے اور صوبہ خیبر پختونخواہ میں ویکسینیشن مہم جاری رکھنے میں دلچسپی ہے۔
ملاقات میں بل گیٹس نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور نگراں حکومت کی جانب سے پولیو وائرس کی منتقلی کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں پر بھی اعتماد کا اظہار کیا۔