(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کی حکومت نے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک اور مقبول موبائل گیمنگ ایپ پب جی پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹک ٹاک اور پب جی پر پابندی کا فیصلہ طالبان رہنما کی سکیورٹی سیکٹر کے نمائندوں اور شرعی قانون نافذ کرنے والی انتظامیہ کے ساتھ اجلاس میں لیا گیا، طالبان نے افغانستان کے ٹیلی کمیونیکیشن اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر گائیڈ لائنز پر عمل کریں، ٹک ٹاک اور پب جی پر 90 روز کے اندر پابندی عائد کی جائے گی۔
طالبان کے ترجمان انعام اللہ سمنگانی کے مطابق ٹک ٹاک اور پب جی پر پابندی "نوجوان نسل کو گمراہ ہونے سے روکنے" کے لیے ضروری ہے.
خیال رہے کہ اس سے قبل طالبان حکومت نے غیر اخلاقی مواد شیئر کرنے والی 23 ملین سے زائد ویب سائٹس پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا، گزشتہ سال طالبان حکومت نے نائیوں پر داڑھی منڈنے یا تراشنے پر پابندی عائد کی تھی اور ان کا کہنا تھا کہ یہ اسلامی قانون کی خلاف ورزی ہے