یکم اکتوبر سے غیر ویکسین شدہ افراد پرسخت پابندیاں عائد ہونگی

21 Sep, 2021 | 06:54 PM

M .SAJID .KHAN

سٹی42:یکم اکتوبر سے ویکسین نہ لگوانے والوں کو این سی او سی کی جانب سے خبردار کردیا گیا، این سی او سی کے مطابق جن افراد نے یکم اکتوبر سے ویکسی نیشن نہ کروائی ان پر ضروریات زندگی میں استعمال ہونے والی بہت سی سہولیات کی بندش کی جائے گی۔

تفصیلات کےمطابق یکم اکتوبر سےویکسین نہ لگوانے والوں کے لئے بری خبرآگئی،این سی او سی نے وارننگ جاری کردی،جن افراد نے ویکسین نہ لگوائی ان پر ضروریات زندگی میں استعمال ہونے والی بہت سی سہولیات کی بندش کی جائے گی۔

ٹویٹر پر اس حوالے سے ایک پوسٹ بھی کی گئی جس میں غیر ویکسین شدہ افراد پر لاگو ہونے والی پابندیوں کا تذکرہ کیا گیا، ہرقسم کا ہوائی سفر، شاپنگ مال، پبلک ٹرانسپورٹ، ہوٹل، ریسٹورنٹ، شادی ہال اور مزید روزمرہ زندگی میں استعمال ہونے والی سہولیات کی بندش کردی  جائے گی۔

دوسری جانب این سی او سی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی صدارت میں این سی او سی کا اجلاس ہوا، بیماری میں بتدریج کمی کے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے فورم نے 22 ستمبر 2021 کے بعد بیماری کے شدیدپھیلاؤ والے اضلاع (لاہور ، فیصل آباد ، ملتان ، سرگودھا ، گجرات اور بنوں) سے اضافی پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا۔

ملک بھر کے لیے عمومی این پی آئیز 30 ستمبر 21 تک نافذ رہیں گی جن کا جائزہ 28 ستمبر 21 کو این سی او سی میں ہوگا، این سی او سی میں روزانہ کی بنیاد پر بیماری کے پھیلاؤ اور صحت کی دیکھ بھال کے نظام کی قریبی نگرانی کی جا رہی ہے اور جب بھی بیماری کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کی ضرورت پیش آئی تو اس مناسبت سے فیصلے کیے جائیں گے۔

سایئنو فارم ویکسین کی وافر مقدار میں موجودگی کے تناظر میں عوام بلا تاخیر اپنے قریبی ویکسی نیشن سینٹر سے سائینو فارم ویکسین لگوا کر اپنے ویکسی نیشن عمل کو مکمل کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں