کورونا وائرس سے مزید 2 اموات ، 914 کیسز رپورٹ

21 Sep, 2020 | 11:40 AM

Shazia Bashir

 (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال میں بہتری آرہی ہے تاہم گزشتہ چند روز سے ملک کے کچھ حصوں خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں کیسز کی تعداد میں اضافہ رپورٹ ہورہا ہے جس نے فعال کیسز کو بھی 7 ہزار کے قریب پہنچا دیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق  ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز 3 لاکھ 5 ہزار 992 ہیں جس میں سے 2 لاکھ 92 ہزار 303 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 417 کا انتقال ہوا ہے۔آج 20 ستمبر کی شام تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 914 مریضوں اور 2 اموات کا اضافہ ہوا، جس میں سندھ کے گزشتہ روز کے 264 جبکہ بلوچستان کے 131 کیسز بھی شامل تھے جو آج رپورٹ ہوئے۔  جس کے بعد بلوچستان میں 14 ہزار 269 تک پہنچ گئی۔

وا ضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد اب تک اس عالمی وبا کو تقریباً 7 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔اس 7 ماہ کے عرصے میں ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش، لاک ڈاؤن اور مختلف شعبوں پر پابندیاں جیسے اقدامات دیکھنے میں آئے تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ پابندیاں ہٹائی گئی اور صورتحال معمول پر آگئی۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے ابتدائی ایک ماہ تک صورتحال معمول کے مطابق تھی تاہم بعد ازاں کیسز بڑھنا شروع ہوئے جس کے بعد جون کا مہینہ ایسا دیکھا گیا جہاں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے زیادہ رپورٹ ہونے لگیں جبکہ ہسپتالوں پر دباؤ بھی بڑھ گیا۔

تاہم ایک ماہ بعد یعنی جولائی میں صورتحال دوبارہ بہتر ہونا شروع ہوئی اور اگست میں اس میں مزید بہتری آئی جس کے تسلسل ستمبر میں بھی برقرار ہے، تاہم 15 ستمبر سے ملک کے کچھ حصوں میں کیسز کی یومیہ تعداد کچھ حد تک بڑھی ہے۔

مزیدخبریں