(زاہد چودھری) فنڈز کی عدم دستیابی، وزیر اعظم کی ہدایت کے باوجود لاہور کے پانچ بڑے ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کا منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے بجٹ فراہم کرنے کی بجائے ٹیچنگ ہسپتالوں کی انتظامیہ کو وزیر اعظم انیشیٹو اپنے وسائل سے مکمل کرنے کا حکم دیدیا ۔
وزیر اعظم کی ہدایت پر شہر کے 5 بڑے ہسپتالوں کی ری ویمپنگ منصوبے کا ڈراپ سین، فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے ٹیچنگ ہسپتالوں کو اپنے وسائل سے وزیر اعظم کے احکامات پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی، وزیر اعظم عمران خان نے لاہور کے دورے کے دوران رواں ماہ کے اوائل میں ہدایت کی تھی کہ میو ہسپتال، سروسز ہسپتال، گنگا رام ہسپتال، جناح ہسپتال اور جنرل ہسپتال کی ری ویمپنگ کی جائے اور طبی سہولتوں کی فراہمی کو بہتر بنایا جائے۔
اس ہدایت پر عملدرآمد کیلئے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے متعدد میٹنگز کیں لیکن اب اس میگا پراجیکٹ کو مکمل کرنے کیلئے فنڈز فراہم کرنے کی بجائے تمام تر ذمہ داری ٹیچنگ ہسپتالوں کی انتظامیہ پر ڈال دی ہے، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے ٹیچنگ ہسپتالوں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ ری ویمپنگ کا عمل اپنے وسائل سے مکمل کریں۔
دوسری جانب شہر کے تمام ٹیچنگ ہسپتال گزشتہ مالی سال میں ایک چوتھائی بجٹ ہی نہ ملنے پر شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں اور تاحال کروڑوں روپے کے بقایاجات ادا نہیں کر سکے جس کی وجہ سے وزیر اعظم انیشیٹو کیلئے وسائل نہ ہونے کی وجہ سے عملدرآمد کھٹائی میں پڑ گیا۔