انشاء اللہ پنجاب حکومت کے اقدامات سے یوم عاشور پرامن رہے گا:عثمان بزدار

21 Sep, 2018 | 01:27 PM

Sughra Afzal

(علی اکبر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے  کہ یوم عاشور پر پنجاب حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں، انشاء اللہ یوم عاشور پر امن رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ اور میاں اسلم اقبال کے ہمراہ سول سیکرٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا، انہوں نے کنٹرول روم کے مختلف شعبے بھی دیکھے۔وزیر اعلی کو بتایا گیا کہ پنجاب میں آج تقریبا 2800 جلوس اور 2100 کے قریب مجالس کو سکیورٹی فراہم کی گئی، 2 لاکھ 15ہزار پولیس اہلکار جبکہ فوج کے 10 ہزار افسرو جوان اور رینجرز کے 1900 جوان سکیورٹی پر مامور ہیں۔ پنجاب حکومت نے 4 ہیلی کاپٹرز کی خدمات لیں۔اس موقع پر چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ یوم عاشور پر پنجاب حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں، پولیس اور انتظامیہ وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا گیا، جلوسوں اور مجالس کی ہیلی کاپٹروں کی مدد سے فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔ انشاء اللہ پنجاب حکومت کے اقدامات سے یوم عاشور پرامن رہے گا۔

مزیدخبریں