(علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا صبر و تحمل، رواداری، ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے، نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں نے دین اسلام کے آفاقی اصولوں کو قیامت تک کیلئے زندہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا کہ کربلا کے میدان میں حق و باطل کا معرکہ مسلمانوں کو ظلم اور بربریت کیخلاف جہاد کرنے کا درس دیتا ہے۔ حضرت امام حسینؓ اور انکے جانثار ساتھیوں نے لازوال قربانیاں دے کر حق کا پرچم سربلند کیا۔ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے باطل کے سامنے نہ جھکنے کا درس دیا۔ انسانیت کی عظمت اوراسلام کی سربلندی کیلئے میدان کربلا میں قربانی دے کر تاریخ اسلام کا درخشاں باب رقم کیا۔ نواسہ رسولؐ نے کردار وعمل سے حق کی آواز بلند کرنا اور مظلوموں کو ظلم و جبر کیخلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلاکی عظیم قربانیوں کو مشعل راہ بنا کر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔معاشرے میں ایثار، اخوت، برداشت کے جذبات کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ شہدائے کربلا کا سفر، جرأت اور قربانیاں رہتی دنیا تک مظلوم قوموں کو حوصلہ اور ولولہ عطا کرتی رہیں گی۔ یوم عاشور پر ہمیں حقیقی معنوں میں حضرت امام حسینؓ کی روشن تعلیمات کے مطابق عمل پیرا ہونے کا اعادہ کرنا ہے۔