سٹی 42 : محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم مشرقی سندھ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ٹنڈو جام، تربت، لسبیلہ، شہید بینظیرآباداور حیدرآباد میں 39 ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
منگل کے روز موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات یا صبح کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے، تاہم رات کے اوقات میں چترال، دیر اور گردونواح میں کہیں کہیں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں رات کے اوقات میں خنکی ہوگی، دوسرے اضلاع گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، لاہور، بہاولپور اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں سموگ کا امکان ہے ۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود جبکہ رات یا صبح کے اوقات میں خنکی ہو گی۔