چیف جسٹس تقرر کمیٹی؛ تمام پارٹیز کے نامزد ارکان کے نام آگئے

سپیکر قومی اسمبلی کو پارلیمانی کمیٹی کیلئے نامزد کیے گئے ارکان کے نام بھجوادئیے گئے

21 Oct, 2024 | 05:05 PM

ویب ڈیسک :  چیف جسٹس آف پاکستان کی تقرری سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا معاملہ پر اہم پیشرفت ہوئی ہے ، بلاول بھٹو زرداری نے مشاورت کے بعد کمیٹی کیلئے 3 ناموں کی منظوری دیدی، جبکہ جمعیت علمائے اسلام نے سینیٹر کامران مرتضی کو بطور ممبر کمیٹی نامزد کر دیا ۔ 

 چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے مشاورت کے بعدقومی اسمبلی سے سید نوید قمر، راجہ پرویز اشرف، سینٹ سے فاروق ایچ نائیک کا نام قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھجوادیا، قومی اسمبلی میں پی پی کے چیف وہیپ اعجاز جاکھرانی نے تینوں ناموں کو بھجوادیا۔ 

دوسری جانب سینیٹ میں جے یو آئی کے پارلیمانی لیڈر مولانا عطا الرحمان نے کامران مرتضی کا نام سینیٹ سیکرٹریٹ کو پہنچا دیا ۔ 

سینیٹ سیکریٹریٹ نے جے یو آئی ، پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلز پاٹی سے ایک ایک نام مانگ رکھا ہے ۔ اسپیشل پارلیمانی کمیٹی برائے تقرر چیف جسٹس پاکستان آج تشکیل کیئے جانے کا امکان ہے، جبکہ اسپیشل کمیٹی کا اہم اجلاس کل بلائے جانے کا امکان ہے ۔ 

نئے چیف جسٹس کے لیئے سینئر موسٹ جج جسٹس منصور علی شاہ، جسٹیس منیب اختر اور جسٹس یحیی آفریدی کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔ نئے چیف جسٹس کے لیئے کمیٹی دو تہائی اکثریت کے تحت فیصلہ کرے گی۔ 

قبل ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری کے دستخط کے بعد حکومت کی جانب سے چیف جسٹس کی تعیناتی کیلئے پارلیمانی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔

صدر مملکت کے دستخط کے بعد آئینی ترمیم کا گزٹ نوٹفکیشن جاری ہوگیا، جس کے ذریعے 26 ویں آئینی ترمیم کا نفاذ عمل میں آگیا۔ آئینی ترمیم کے مطابق نئے چیف جسٹس کا تقرر پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے ہوگا۔

مزیدخبریں