سٹی 42: سابق وزیراعلیٰ پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف کی جانب سے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر مبارکباد دی گئی۔
حمزہ شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ اس ترمیم سے پاکستان کے عوام کو پائیدار اور جلد انصاف کی فراہمی کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ اس ترمیم کی منظوری میں تمام جمہوری قوتوں کی دن رات انتھک محنت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر صدر مسلم لیگ ن نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف ، صدر آصف زرداری ، مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو سمیت دیگر کا کردار یاد رکھا جائے گا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ آئین میں ترمیم پارلیمنٹ میں بیٹھے عوامی نمائندوں کا حق ہے جسے انہوں نے عوام کی فلاح کے لئے استعمال کیا۔ سود کے خاتمے کی شق تمام پاکستانیوں کے دل کی آواز تھی اس اہم کامیابی پر سجدہ شکر بجا لانا چاہئے۔ پاکستان کا روشن اور پائیدار مستقبل جمہوریت اور جمہوری قوتوں کے تعاون سے عبارت ہے۔