امانت گشکوری : وفاقی شرعی عدالت کی جانب سے 26ویں آئینی ترمیم کا خیر مقدم کیا گیا ہے، وفاقی شرعی عدالت نے آئینی ترمیم سے متعلق اعلامیہ جاری کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق پارلیمنٹ نے آئین پاکستان میں 26ویں ترمیم کو متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے۔ آرٹیکل 38 ایف میں ترمیم کے مطابق یکم جنوری 2028 تک سود کے مکمل خاتمے کو لازمی قرار دیا گیا ہے، یہ پاکستان میں اسلامی مالیاتی اور بنکاری نظام کے فروغ کیلئے ایک اہم پیش رفت ہے، آئینی ترمیم ایک تاریخی کامیابی ہے جس سے اسلامی مالیات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ ہوتا ہے، یہ ترمیم وفاقی شرعی عدالت کی جانب سے 28 اپریل 2022 کو سنائے گئے تاریخی فیصلے کا نتیجہ ہے ۔
جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ سود سے متعلق فیصلہ جسٹس ڈاکٹر سید محمد انور نے تحریر کیا تھا، فیصلے میں عدالت نے ملک کے مالیاتی نظام سے ربا کے مکمل خاتمے کیلئے 5 سال کی مدت مقرر کی، یہ فیصلہ آئین کا حصہ بن چکا جو پاکستان کی قانون سازی کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت ہے ۔