بابر شہزاد تُرک : وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو عائشہ رضا نے کہا ہے کہ پورے ملک میں اِس وقت پولیو وائرس پھیلا ہوا ہے ۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو عائشہ رضا نے ہیلتھ رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر سے 39 پولیو کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، 400 سے زائد ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، مجموعی طور پر ملک کے 71 اضلاع میں پولیو وائرس موجود ہے، سیاسی اختلافات کے باوجود پولیو کے حوالے سے صوبوں سے ہم آہنگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلسل پولیو مہمات کے باعث پولیو وائرس کا پھیلاؤ روکا گیا، پولیو ورکرز انتہائی مشکل حالات میں پولیو مہمات چلا رہے ہیں، 28 اکتوبر سے ملک بھر میں جامع انسدادِ پولیو مہم شروع کی جا رہی ہے ۔