پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق نظر ثانی درخواست خارج

21 Oct, 2024 | 01:13 PM

 ویب ڈیسک: سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق نظر ثانی کی درخواست خارج کر دی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے پاکستان تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخابات کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواست پر سماعت کی۔

3 رکنی لارجر بنچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔

تحریک انصاف کے وکیل حامد خان نے نظرِ ثانی درخواست کے لیے لارجر بنچ تشکیل دینے کی استدعا کی، وکیل حامد خان نے کہا کہ کیس لارجر بنچ کی تشکیل کے لیے کمیٹی کو بھیجا جائے۔

دوران سماعت بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ آئینی ترمیم ہو چکی ہے اس لیے سپریم کورٹ اب یہ کیس نہ سنے، چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ میں نے ترمیم ابھی نہیں دیکھی اور ہمیں اس بارے میں کچھ نہیں معلوم۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ عدالت نے فریقین کے وکلا کو ایک اور موقع دیا لیکن کیس پر دلائل نہیں دیئے گئے، ہمارے 13 جنوری کے فیصلے میں کوئی غلطی ثابت نہیں کی جا سکی لہٰذا نظرثانی درخواست خارج کی جاتی ہے۔

مزیدخبریں