نوازشریف کی شاہی قلعہ سے مینار پاکستان کی طرف روانگی

21 Oct, 2023 | 06:02 PM

سٹی42: نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد لاہور ائیرپورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر شاہی قلعہ کے میدان میں اترنے کے بعد  اپنے مداحوں اور کارکنوں سے ملاقات کیلئے مینار پاکستان کی جانب روانہ ہو گئے۔ 

سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد وطن واپس پہنچ گئے، کچھ دیر بعد وہ مینار پاکستان پر جلسہ گاہ میں پہنچ جائیں گے جہاں وہ جلسے سے خطاب کریں گے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے طیارے نے پہلے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا جہاں اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ نے پارٹی قائد کا استقبال کیا۔

سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کے موقع پر ان کی قانونی ٹیم اسلام آباد ائیرپورٹ پر موجود تھی۔

ائیرپورٹ پر اسٹیٹ لاؤنج میں نواز شریف کی مسلم لیگ (ن) کی قانونی ٹیم سے مشاورت ہوئی جس کے بعد انہوں نے قانونی دستاویزات پر دستخط کیے۔

انہوں نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواست پر دستخط کیے، ان کا بائیو میٹرک سرٹیفکیٹ بھی لیاگیا۔ 
نواز شریف کی امیگریشن کے دوران ان کے ساتھ آنے والے مسافر طیارے پر ہی موجود رہے جبکہ نور اعوان اور ناصرجنجوعہ اسلام آباد ائیرپورٹ پر طیارے سے اترگئے تھے۔

اسلام آباد ائیرپورٹ پرنوازشریف نے تقریباً دوگھنٹے قیام کیا۔ بعدازاں نواز شریف خصوصی پرواز پر لاہور پہنچ گئے۔ لاہور ائیرپورٹ پر شہباز شریف  اور خاص خاص کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ لاہور ائیر پورٹ سے نوازشریف ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلسہ گاہ کیلئے روانہ ہوئے۔

نوازشریف کےہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کیلئے شاہی قلعےکے پاس دیوان خاص پر ہیلی پیڈ بنایا گیا۔ نواز شریف نے ہیلی کاپٹر سے اترنے کے بعد  عصر کی نماز ادا کی، شہبازشریف، اسحاق ڈار، حمزہ شہباز اور دیگر رہنماؤں نے بھی اپنے قائد کے ساتھ نماز اداکی۔

مزیدخبریں