(راہد چوہدری)لاہور میں ڈینگی خطرنا ک ہوگیا،6سالہ بچے سمیت3افراد کی جان نگل گیا،رواں سال ڈینگی سے اموات کی تعداد 21 ہوگئی،بخار میں تپتے 115نئے مریض بھی رپورٹ ہوگئے۔
ڈینگی کی ہلاکت خیزی سے بچے بھی محفوظ نہیں رہے ۔ ڈینگی وائرس سے 6 سالہ بچے سمیت 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ، حمید لطیف ہسپتال میں 6 سالہ ماہبیر ، گنگا رام ہسپتال میں ڈینگی میں مبتلا 34 سالہ خاتون رقیہ اور 60 سالہ فریدہ دم توڑ گئیں ۔
رواں برس کے دوران شہر میں ڈینگی بخار سے جاں بحق افراد کی تعداد 21 تک جاپہنچی،شہر میں چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی بخار کے 115 نئے مریض بھی سامنے آگئے۔ہسپتالوں میں ڈینگی کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 425 ہے۔دوسری جانب شہر کے مزید 2195 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا جسے تلف کردیا گیا۔