(ویب ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے خلاف ٹویٹ کرنے پر گرفتار پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعظم خان سواتی کی اسلام آباد کی عدالت نے ضمانت منظور کرلی۔
تفصیلات کےمطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعظم خان سواتی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی۔عدالت نے اعظم سواتی کو 10 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔اسلام آباد کی عدالت نے اعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ کل محفوظ کیا تھا ان پر اداروں کے خلاف متنازع ٹوئٹس کرنے کا الزام ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل 17 اکتوبر کو جسمانی ریمانڈ میں مزید ایک روز کی توسیع کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اعظم خان سواتی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا تھا جس کے فوری بعد ان کے وکلا کی جانب سے درخواست ضمانت دائر کی گئی تھی۔