پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکلے گا یا نہیں؟ فیصلہ آج ہوگا

21 Oct, 2022 | 08:58 AM

(سٹی42) پاکستان کا نام گرے لسٹ سےنکلےگایانہیں اس کا فیصلہ آج ہوگا،باضابطہ اعلان پاکستان کے وقت کے مطابق آج رات 8 بجے کیے جانےکا امکان ہے۔

فیٹف کا 2 روزہ اجلاس پیرس میں جاری

  فنانشل ایکشن ٹاسک فورس( فیٹف) کا 2 روزہ اجلاس پیرس میں جاری ہے، اجلاس میں پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالے جانےکا جائزہ لیا جا رہا ہے، پاکستانی وفد کی قیادت وزیرمملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھرکررہی ہیں، پاکستان پر امید ہےکہ اس بار پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکا ل دیا جائےگا، 

بھارت کی پاکستان کےخلاف بے بنیاد مہم مسترد

 دوسری جانب پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس( فیٹف) اجلاس پر بھارتی پروپیگنڈا مستردکر دیا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ بھارت کی پاکستان کےخلاف فیٹف معاملے پر  بےبنیاد مہم کو مسترد کرتے ہیں، بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف پہلی بار مہم نہیں چلا رہا،  بھارتی میڈیا کی پاکستان مخالف مہم بدنیتی اور جھوٹ پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ جب بھارتی میڈیا سرکاری لیکس کے ذریعے پروپیگنڈا کر رہا ہے، بھارتی میڈیا گمراہ کن، بے بنیاد  اور من گھڑت پروپیگنڈےکو فروغ دے رہا ہے۔

فیٹف کی گرے لسٹ کیا ؟

فیٹف کی گرے لسٹ کا مطلب ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے اس فہرست میں شامل ممالک پر منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف اقدامات پر ان ممالک کی پیشرفت کو جانچنے کے لیے نگرانی میں مزید اضافہ کیا ہے۔

فیٹف کی گرے لسٹ  سے نکلنے کیلئے کسی بھی  ملک کو کیا کرنا پڑتا ہے؟

ایف اے ٹی ایف کی ویب سائٹ کے مطابق کسی ملک کو گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے اپنے ایکشن پلان کے  تقریباً تمام  اجزاء کو مکمل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

ایک بار جب فیٹف یہ طے کر لیتا ہے کہ کسی ملک نے ایکشن پلان پر عملدرآمد کرلیا ہے تواس بات کی تصدیق کرنے کے لیے تنظیم کی ٹیم اس ملک کا تکنیکی جائزہ کرنے لیے وہاں کا دورہ کرتی ہے  جس کے بعد گرے لسٹ سے نکالے جانے کا حتمی فیصلہ کیا جاتا ہے۔

پاکستان نے گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے کیا اقدامات کیے؟

فیٹف کے اعلامیے کے مطابق   پاکستان نے 34 آئٹمز پر مبنی اپنے دو ایکشن پلان مکمل کر لیے ہیں۔

واضح رہے کہ 2018 میں پاکستان کا نام فیٹف کی گرے لسٹ میں ڈالا گیا تھا اور27 نکات پر عمل درآمد کے لیے ایکشن پلان دیا گیا تھا۔ بعد ازاں پاکستان کو مزید سات اور پھر چھ نکات پرعمل درآمد کرنے کو کہا گیا تھا۔ ان نکات پرعمل درآمد کاجائزہ لینےکے لیے فیٹف کے وفد نے پاکستان کادورہ بھی کیا۔ وفد کی رپورٹ کی روشنی میں پاکستان پر امید ہے کہ پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا

مزیدخبریں