(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے مسکن چورنگی کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 26 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال کی مسکن چورنگی پر واقع رہائشی عمارت میں صبح ساڑھے 9 بجے دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کے باعث قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، زور دھماکے کے بعد عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا، عمارت کے نیچے جنرل اسٹور، بینک اور کھانے پینے کی اشیاء کی دکانیں جبکہ بالائی منزلوں پر رہائشی فلیٹس ہیں، واقعے کے بعد فلاحی ادارے ایدھی اور چھیپا ایمبولینس سروس کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق بم دھماکے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 26 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمی ہونے والوں میں بینک کا عملہ بھی شامل ہے، جبکہ بینک کا ایک گارڈ بھی دھماکے میں جاں بحق ہوا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ فلیٹ میں گیس لیکج کے باعث ہوا، دھماکے میں تخریب کاری کے کوئی شواہد نہیں ملے، صرف گھریلو چولھے کے پگھلے ہوئے ٹکڑے ملے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ نے مسکن چورنگی پر دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو امدادی کام تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے میں شیریں جناح کالونی میں گزشتہ روز بھی ایک دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوئے تھے۔