ٹرینوں میں بزرگوں، بچوں اور معذوروں کیلئے رعایت ختم

21 Oct, 2020 | 11:19 AM

Sughra Afzal

ریلوے ہیڈ کوارٹر(سعید احمد سعید) ریلوے حکام کی جانب سے بغیر منصوبہ بندی ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کا معاملہ، پرائیویٹ پارٹیوں نے ریلوے کی جانب سے آؤٹ آف سورس کی جانے والی 6 ٹرینوں میں من مانے کرائے وصول کرنا شروع کردئیے۔

 تحقیقاتی کمیٹی کی انسپکشن رپورٹ کے مطابق نجی کمپنی کی جانب سے بزرگوں، معذوروں، بچوں کی رعایت سمیت ریلوے ملازمین کے پاسز ختم کرکے کرایوں میں 40 فیصد تک اضافہ کردیا.

وزیر ریلوے شیخ رشید کی ہدایات کے باوجود کرایہ ناموں میں کمی نہ کی جا سکی، ڈویژنل کمرشل آفیسر شیریں حنا کی جانب سے انسپکشن رپورٹ سی ایم ایم کو ارسال کر دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق پرائیوٹ کمپنی نے فی ٹکٹ 40روپے تک اضافہ کردیا جبکہ ٹرین میں منرل واٹر اور وائی فائی کی سہولت بھی نہیں دی جا رہی، بس وینڈرز اشیاء کی فروخت کیلئے موجود تھے، ریلوے حکام کی جانب سے نجی فرم کو 10فیصد تک کرایوں میں اضافے کی اجازت دی گئی تھی مگر ڈی سی او کی رپورٹ میں کرایہ ناموں میں چالیس فیصد تک اضافی کرایہ وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

دوسری جانب ریلوےانتظامیہ ٹرینوں کا شیڈول بحال کرنے میں ناکام ہوگئی، کراچی اور کوئٹہ سےلاہور آنیوالی تمام ٹرینیں بدستور گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں، خیبر میل 1 گھنٹہ 20 منٹ، گرین لائن 1 گھنٹہ 55 منٹ، تیز گام 1 گھنٹہ 40 منٹ، علامہ اقبال ایکسپریس 1 گھنٹہ، عوامی 5 گھنٹے 40 منٹ اور کراچی ایکسپریس 5 گھنٹے 15 منٹ لیٹ ہوئی۔ ٹرینیں لیٹ ہونے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق حکومتی دعوؤں کے باوجود پاکستان ریلوے کا مالی خسارہ مزید بڑھ گیا، ریلوے مالی سال 21-2020 کے پہلے اڑھائی ماہ میں آمدنی کا ہدف پورا کرنے میں ناکام ہوگیا، پہلے اڑھائی ماہ میں حکومتی ہدف سے 7ارب 61کروڑ روپے کم آمدنی ہوئی ۔

مزیدخبریں