(شہزاد خان) شہر میں سبزیوں کی قیمتیں کم نہ ہوسکیں،ادرک کی ٹرپل اور لہسن کی ڈبل سینچری برقرارجبکہ سبز مرچ کی قیمت نے بھی شہریوں کو لال پیلا کردیا۔ دوروز میں بیاسی روپے مہنگی ہوکر سبز مرچ277روپے فی کلوگرام میں فروخت ہونے لگی۔
شہر میں سبزیوں کی قیمتوں نے شہریوں کے ہوش اڑا دیئے، لہسن اور ادرک کے بعد اب سبزمرچ اور شملہ مرچ نے بھی شہریوں کو دن میں تارے دکھا دیئے، سبزمرچ دو روز میں بیاسی روپے اضافے کے بعددوسو ستتر روپے فی کلوگرام میں فروخت ہونے لگی۔ اسی طرح شملہ مرچ کی قیمت دوسو روپےفی کلوگرام ہوگی ہے، ادرک تین سو پچیس اور لہسن دیسی دوسو پانچ روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے، سرکاری نرخنامے میں پیاز باسٹھ روپے،آلو اڑتالیس اورلیموں دیسی کی قیمت پچاسی روپے متعین کی گئی ہے۔
شہریوں نے سبزیوں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ ضلعی انتظامیہ اپنے ہی جاری کردہ سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہوچکی ہے، انتظامیہ نے عوام کو گراں فروش مافیا کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے۔شہریوں نے وزیراعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہےکہ ضلعی انتظامیہ کے افسران کو دفاتر سے نکل کر فیلڈ میں جانےکی ہدایت کی جائےتاکہ سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے پر کنٹرول کیا جاسکے۔