گاڑیوں کی رجسٹریشن بک ختم، اب سمارٹ کارڈ ملے گا مگر کتنے کا؟

21 Oct, 2018 | 10:46 AM

Sughra Afzal

 (علی ساہی) محکمہ ایکسائز کی جانب سے شہریوں کیلئے اچھی خبر، رجسٹریشن بک کی جگہ سمارٹ کارڈ کے اجراء کی تیاریاں مکمل، کارڈ بھجوانے کا طریقہ کار طے اور قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق رجسٹریشن بک کی جگہ اب شہریوں کو گاڑیوں کی رجسٹریشن پر سمارٹ کارڈ جاری ہونگے۔ جو 530 روپے میں دیا جائے گا۔ سمارٹ کارڈ بنانے والی مشینیں بھی ڈی جی ایکسائز کے آفس پہنچ گئیں۔ سمارٹ کارڈ کے اجراء کا افتتاح آئندہ 2 ہفتوں تک متوقع ہے۔ ایڈیشنل ڈی جی چودھری مسعودالحق کا کہنا ہے کہ سمارٹ کارڈ ڈائریکٹ گاڑی کے مالک کے گھر بھجوایا جائے گا۔ شہری اپنے موجودہ مکمل ایڈریس دیں، محکمہ روزانہ کی بنیاد پر 22 ہزار کارڈ تیار کرسکتا ہے لیکن پنجاب میں روزانہ رجسٹریشن اور ٹرانسفر 8 ہزار کے قریب ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ شہریوں کو ایک سے 2 روز میں کارڈ ڈلیور ہوجائےگا سمارٹ کارڈ میں گاڑی اور مالک کے تمام کوائف موجود ہوں گے۔ پرانی رجسٹریشن بک والے شہری بھی سمارٹ کارڈ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

مزیدخبریں